
کولکاتا، 25 اگست (ہ س)۔
ٹالی ووڈ اداکار اور بی جے پی لیڈر جوئے بنرجی کا پیر کی صبح جنوبی کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وفات کے وقت ان کی عمر 62 برس تھی۔اپوزیشن لیڈر شبھیندو ادھیکاری اور بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سکانتا مجمدار نے ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ نمونیا میں مبتلا تھے۔ انہیں 15 اگست کو جنوبی کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ 17 اگست سے وینٹیلیشن پر تھے۔اسپتال ذرائع کے مطابق انہیں پیر کی صبح دل کا دورہ پڑا۔ 11:30 بجے اسپتال میں ان کی موت ہوگئی۔ ان کے انتقال سے سیاسی دنیا میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اداکار جوئے بنرجی 23 مئی 1963 کو پیدا ہوئے۔ جوائے اس وقت اپنی دوسری بیوی انکیتا اور ماں کے ساتھ رہتے تھے۔ وہ بنگالی اداکاری کی دنیا میں کافی مشہور تھے۔ جوائے اور چھمکی چودھری کی’ہیرک جینتی‘ فلم نے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد جوئے نے ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دیں۔’ملن تیتھی‘، ’جیون مورن‘، ’ناگمتی‘ اور’چوپڑ‘ جیسی فلموں کو شائقین نے خوب پسند کیا۔ بعد میں انہوں نے بی جے پی میں شامل ہو کر اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا۔ 2014 میں، جوئے نے بیر بھوم لوک سبھا حلقہ سے ترنمول کے اسٹار امیدوار شتابدی رائے کے خلاف مقابلہ کیا۔ انہوں نے ایک بار بی جے پی امیدوار کے طور پر البیریا لوک سبھا حلقہ سے بھی انتخاب لڑا تھا۔ تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔ 2021 میں، وہ مستقل طور پر سیاست سے ’ریٹائر‘ ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan
