مالدہ، 24 مارچ (ہ س)۔ ضلع میں ایک تیز رفتار کار نے کنٹرول کھو دیا اور لاری کے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ اس کار میں تین افراد سوار تھے جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی دیر رات مالدہ کے انگلش بازار تھانے کے جادو پور 1 گرام پنچایت کے بائی پاس روڈ علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد لاری ڈرائیور فرار ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شمالی بنگال کے ترقیاتی محکمہ کی وزیر مملکت سبینا یاسمین مہلوکین کے اہل خانہ سے ملنے مالدہ میڈیکل کالج پہنچیں اور انہوں نے حادثے کا جائزہ لیا اور جانچ کا بھی حکم دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ گیس ٹینکر لاری سنیچر کی دیر رات سڑک کے کنارے کھڑی تھی۔ پیچھے سے آرہی کار کسی وجہ سے کنٹرول کھو بیٹھی اور لاری کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے باعث کار کا اگلا حصہ مڑ گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت لیاقت شیخ (34)، اکرام شیخ (61) اور سنجے منڈل (34) کے طور پر کی گئی ہے۔ سبھی موتھا باڑی تھانہ علاقہ کے رہنے والے ہیں۔ وہ رات کو کسی خاص کام کے سلسلے میں موتھاباڑی سے پرانے مالدہ جا رہے تھے۔ راستے میں ان کی کار کنٹرول کھو بیٹھی جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ پولیس فرار لاری ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔
