جموں
ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے سرکاری املاک کی چوری کا مقدمہ درج ہونے کے بعد چوبیس گھنٹوں کے اندر معاملہ حل کرتے ہوئے چوروں کو گرفتار کیا اور مسروقہ املاک کو برآمد کر لیا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز این ایچ آئی ڈی سی ایل کے ایک ملازم ہرجوت سنگھ نے پولیس پوسٹ کھلینی میں کھلینی گوہا روڈ پر نصب کریش بیریئرز کو توڑنے اورچوری کرنے کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 50/2024 یو/ایس 379/آئی پی سی کے تحت پولیس تھانہ ڈوڈہ میں درج کی گئی اور کیس کی تحقیقات شروع کی گئی۔
شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انچارج پولیس پوسٹ کھلینی کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم حرکت میں آئی اور قابل اعتماد ذرائع اور تکنیکی آلات کی مدد سے کچھ سراغ حاصل کرنے کے بعد، پولیس ٹیم نے چار مشتبہ افراد کو پکڑا۔ جنہوں نے پوچھ گچھ کے دوران جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان کے انکشاف پر 27 کریش بیریئرز کو چوری کے چوبیس گھنٹوں میں برآمد کر لیے گئے۔ چوری شدہ کریش بیریئرز کو چوروں نے کھلینی کے علاقے میں گھنے پودوں میں چھپا رکھا تھا۔پولیس نے چوروں کی جانب سے واردات کے دوران استعمال ہونے والی ایک الٹو کار کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور علاقے میں چوری کی دیگر وارداتوں میں گرفتار چوروں سے مزید بازیابی کی توقع ہے۔
