سیہور میں 105 کروڑ روپے کی لاگت سے ’’نیشنل مینٹل ہیلتھ ری ہیبیلیٹیشن انسٹی ٹیوٹ‘‘ کا افتتاح
۔ معذور افراد کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات ملیں گی
بھوپال ۔ مرکزی وزیر سماجی انصاف اور اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار اور وزیرسماجی انصاف اور معذورافراد بہبودنارائن سنگھ کشواہا نے سیہور میں 105 کروڑ روپے کی مالیت کے ’’نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ری ہیبیلیٹیشن‘‘ کا افتتاح کیا۔ یہ ملک کا 9واں قومی دماغی صحت بحالی مرکز ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے کہا کہ قومی دماغی صحت بحالی مراکز کو ایک ہی چھت کے نیچے معذور افراد کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیہور میں بنایا گیا ’’نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ری ہیبیلیٹیشن‘‘ 105 کروڑ روپے کی لاگت سے 25 ایکڑ پر محیط کیمپس میں بنایا گیا ہے۔ اس میں معذور افراد کو تمام ضروری جدید سہولیات کے ساتھ تقریباً 6 کروڑ روپے کا سامان فراہم کیا گیا ہے۔ اس میں 21 قسم کے معذوروں سے متعلق سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انسٹی ٹیوٹ کیمپس میں انتظامیہ اور اکیڈمک بلاکس، سروس بلاکس، ہاسٹلز اور ملٹی پرپز ہالز سمیت کئی سہولیات ہیں۔ بحالی کی خدمات میں نیورو تھراپی، فزیو تھراپی، اسپیچ تھراپی، پیشہ ورانہ تھراپی، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، ریڈیولوجی، ایکسرے، ڈے کیئر سروس، او پی ڈی، ٹیلی کاؤنسلنگ اور آؤٹ ریچ او پی ڈی کی سہولیات شامل ہوں گی۔
وزیرسماجی انصاف نارائن سنگھ کشواہا نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے بنیادی اصول پر کام کر رہی ہیں۔ اس میں معاشرے کے معذور افراد کی فلاح و بہبود بھی شامل ہے۔ ہم معذور افراد کو مرکزی دھارے سے جوڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایم ایل اے سدیش رائے سمیت محکمہ معذور افراد بہبود کے کئی سینئر افسران موجود تھے۔
