سندیشکھالی کی خواتین سے ابھیشیک بنرجی نے کی ملاقات
کولکاتا، 8 مارچ ۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی سندیشکھالی میں خواتین کی ہراسانی کے الزامات کو لے کر پوری ریاست میں احتجاج کر رہی ہے۔ دریں اثنا ترنمول جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے سندیشکھالی کی متاثرہ خواتین سے ملاقات کی ہے۔
جمعہ کو عالمی یوم خواتین ہے۔ اس سے قبل کی شام جمعرات کو مہیلا ترنمول نے ایک ریلی نکالی جس کی قیادت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کی۔ ابھیشیک بنرجی اس ریلی میں ممتا بنرجی کے ساتھ چلے تھے۔ اس کے بعد ابھیشیک بنرجی نے سندیشکھالی کی خواتین سے ملاقات کی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جن کے ساتھ بھی ظلم ہوا ہے، انہیں انصاف ملے گا۔ ابھیشیک نے کہا کہ پارٹی ترنمول کانگریس کے ان لیڈروں کی حفاظت نہیں کرے گی جن کے خلاف الزامات ہیں۔ پولیس بھی کارروائی کرے گی اور پارٹی کی جانب سے تنظیمی کارروائی بھی کی جائے گی۔
خواتین نے بتایا کہ ان کی زمین چھین لی گئی ہے اور ان کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی ہے۔ اس پر ابھیشیک نے وہاں موجود ترنمول کانگریس کے مقامی لیڈروں کی سرزنش کی اور اس معاملے میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
