کولکاتا، 17 فروری ۔ مغربی بنگال کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (ڈبلیو بی سی پی سی آر) کی چھ رکنی ٹیم نے سنیچر کو سندیشکھالی کا دورہ کیا تاکہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کی شکایات کی جانچ کی جاسکے۔
گاؤں والوں کا الزام ہے کہ بدمعاشوں نے سات ماہ کے بچے کو اس کی ماں کی گود سے چھین کر سندیشکھالی میں پھینک دیا تھا۔ بچہ فی الحال زیر علاج ہے۔ کمیشن کے مشیر سدیشنا رائے نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچے ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ریاست کے ہر بچے کو تحفظ فراہم کریں اور یہ بھی دیکھیں کہ ان کے حقوق محفوظ ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بچے کی والدہ سے بات کریں گے۔
کمیشن کی چھ رکنی ٹیم نے اس کی چیئرپرسن تلیکا داس کی قیادت میں سندیشکھالی کا دورہ کیا۔ داس نے بتایا کہ جمعہ کو انہیں معلوم ہوا کہ کسی نے گھر میں گھس کر بچے کو ماں کی گود سے پھینک دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خود اہل خانہ سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ ہم بچے کی ماں سے ملے۔ وہ خوراک، طبی امداد اور تحفظ چاہتے ہیں۔ ہم نے انہیں یہ سب کچھ فراہم کیا ہے۔ ایک ماہ سے زیادہ پہلے، سندیشکھالی میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جب ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے مقامی لیڈر شیخ شاہجہان کے احاطے کی تلاشی لینے کے لیے علاقے کا دورہ کیا تھا۔ شاہجہاں تاحال مفرور ہے۔ خواتین کا الزام ہے کہ ترنمول لیڈر اور ان کے ساتھیوں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا اور زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔
