اے ایف سی ایشین کپ: قطر نے چین کو ہرایا، تاجکستان نے لبنان کو کیا باہر
دوحہ، 23 جنوری (ہ س)۔ حسن الہیدوس کے گول کی بدولت قطر نے پیر کی رات یہاں اے ایف سی ایشین کپ کے گروپ اے کے فائنل راونڈ میں چین کو 0-1 سے شکست دے دی۔
چین کو جو تینوں میچوں میں گول کرنے میں ناکام رہا اور گروپ میں تیسرے نمبر پر رہا، کے پاس اب ناک آوٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا پڑے گا۔
پیر کے میچ سے پہلے دو پوائنٹس کے ساتھ چین کو آخری 16 میں جگہ یقینی بنانے کے لیے اپنے گروپ فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت تھی، جب کہ قطر پہلے ہی دو میچوں میں دو جیت کے ساتھ آخری 16 میں جگہ بنا چکا تھا۔
چین کے ہیڈ کوچ الیگزینڈر جانکووچ نے اپنی ابتدائی لائن اپ میں ایک جرات مندانہ تبدیلی کرتے ہوئے اسٹار فارورڈ وو لیئی کی جگہ ویئی شیہاو کو لے لیا، جو حال ہی میں انجری سے صحت یاب ہوئے تھے اور پہلے دو گیمز سے محروم رہ گئے تھے۔ پہلے سے ہی کوالیفائی کرنے کے بعد، قطر نے اپنے گیارہ ابتدائی کھلاڑیوں میں سے نو کو روٹیٹ کیا۔
فتح کے لیے بے تاب، چین نے پہلے ہاف میں مجموعی طور پر آٹھ شاٹس کے ساتھ گول کرنے کے زیادہ مواقع پیدا کیے، جو قطر سے چار زیادہ ہیں۔
ویئی 36ویں منٹ میں گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن ان کے قریبی شاٹ کو قطر کے گول کیپر سعد الشیب نے روک دیا، اس کے بعد وو شی کے دائیں پاوں سے لگایا گیا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر نکل گیا۔
قطر نے 64ویں منٹ میں اسٹار فارورڈز اکرم عفیف اور ہیڈوس کو میدان میں اتارا، جس سے فوری طور پر میچ کی رفتار بدل گئی۔ صرف دو منٹ بعد عفیف کے ذریعہ دئے گئے کارنر کراس کو ہیڈوس نے دور سے ہی گول پوسٹ پہنچا دیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی اور آخر میں یہی اسکور فیصلہ کن ثابت ہوا۔
اس کے علاوہ، پیر کو کھیلے گئے ایک دیگر میچ میں نورالدین خامروکولوف کے ذریعہ دوسرے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم میں کئے گئے گول کی بدولت تاجکستان نے لبنان کو 1-2 سے شکست دی۔
تاجکستان گروپ میں چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، اس طرح وہ آخری 16 میں پہنچ گیا، جب کہ لبنان ایک پوائنٹ کے ساتھ باہر ہوگیا۔
چھ گروپ کی فاتح اور رنر اپ چار بہترین تیسری پوزیشن کی ٹیموں کے ساتھ ناک آوٹ مرحلے میں داخل ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
