آسام کے دیرگاوں میں زبردست سڑک حادثہ ، 10 افراد جاں بحق، تین بچے بھی شامل
گولاگھاٹ (آسام)، 3 جنوری (ہ س)۔ گولاگھاٹ ضلع کے دیرگاوں کے بالیجان میں آج صبح تقریباً 5 بجے زبردست سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس سڑک حادثے میں ٹرک اور بس آپس میں ٹکرا گئے جس میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے 10 لوگوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ دیرگاوں پولیس نے اس کی تصدیق کی ہے۔
دیرگاوں پولیس کے مطابق بس میں 45 افراد سوار تھے۔ یہ سب پکنک منانے جا رہے تھے۔ بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹرک مارگریٹا سے آرہا تھا۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور اور ہیلپر کی بھی موت ہو گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بس گولاگھاٹ کے آٹھکھولیا سے سیلنگ واقع مندر جا رہی تھی۔ شدید زخمیوں کو جورہاٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حادثہ گھنے کہرے یا اوور ٹیکنگ کی وجہ سے ہوا ہو گا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
