نئی دہلی، 27 دسمبر (ہ س)۔ قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں آج صبح گھنا کہرا چھایا ہوا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر بسوں، ٹرینوں اور طیاروں کی آمد ورفت پر پڑرہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج سے جمعہ تک تین دنوں کے لیے صبح کے وقت بہت زیادہ گھنا کہرا چھانے کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
ریاستوں کے محکموں کے افسران کا کہنا ہے کہ آج صبح ہریانہ، پنجاب، دہلی-این سی آر، اترپردیش، راجستھان، بہار، جھارکھنڈ میں گھنا کہرا چھایا ہویا ہے۔ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کہرے کی وجہ سے حد نگاہ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ ان تمام ریاستوں میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں ایک سے ڈیڑھ ڈگری سیلسیس کی کمی ہوئی ہے۔ دہلی-این سی آر میں بدھ کی صبح 6 بجے پارہ 7.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور لکھنؤ اور اتر پردیش کے پریاگ راج میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو گھنے کہرے کی وجہ سے آئی جی آئی ایئرپورٹ دہلی کے قریب صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک مرئیت صرف 50 میٹر تھی۔ جس کی وجہ سے پروازیں متاثر ہوئیں۔ اس سے ریل ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ اس دوران دہلی-این سی آر میں بھی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بدھ کی صبح دہلی کا اے کیو آئی 450 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے چار دنوں تک تمل ناڈو، کیرالہ، پڈوچیری اور لکش دیپ کے ساحلی علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ کہرے کی وجہ سے منگل کو میرٹھ ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی رفتار تقریباً 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ ایسٹرن اور ویسٹرن پیریفرل ایکسپریس ویز پر گاڑیوں کی رفتار بمشکل 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ دہلی پہنچنے والی 12 پروازوں کو ڈائیورٹ کیا گیا۔ 14 ٹرینیں کئی گھنٹے کی تاخیر سے دہلی پہنچیں۔
ہندوستھان سماچار//سلام
