کولکاتا، 19 دسمبر (ہ س)۔ شمالی دیناج پور ضلع کے کالیا گنج سے گرفتار آئی ایس آئی کے لیے کام کرنے کا ملزم مکتا مہتو آن لائن خدمات (کامن سروس سینٹر یعنی ای ایس پی ) فراہم کرنے والی دکان چلاتا تھا۔ اس نے اپنے علاقے میں ایک اچھی امیج بنائی تھی ۔ مہتو کو ممبئی پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ نے پیر کو گرفتار کیا تھا۔
مہتو کی گرفتاری سے پہلے اس کا کوئی بھی پڑوسی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس کی آن لائن دکان درحقیقت غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو سیکورٹی سے متعلق اہم معلومات کی ترسیل کا مرکز ہے۔ مہتو کو پہلے ہی پوچھ گچھ اور تفتیش کے لیے ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لے جایا جا چکا ہے۔ اس کی گرفتاری کے بعد پولیس شمالی دیناج پور علاقے میں گئی اور اس کے پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقامی باشندوں نے مہتو کو بہت نرم گو اور مہذب بتایا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کی مالی حالت مستحکم نہیں ہے، لیکن جب سے مہتو نے آن لائن سروس کا کاروبار شروع کیا ہے، ان کی حالت میں کافی بہتری آئی ہے۔ مہتو کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف غیر ضمانتی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
حال ہی میں، اے ٹی ایس-ممبئی نے مہاراشٹر میں ایک اور شخص کو ملک کی سلامتی سے متعلق اہم معلومات پاکستان کو دینے کے اسی طرح کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ جانچ کے دوران مہتو کا نام سامنے آیا۔ حکام نے مبینہ طور پر مہتو کے نام پر کئی بینک اکاونٹس کا سراغ لگایا تھا، جہاں چند کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن ریکارڈ کی گئی تھیں۔ ان تمام بینک اکاو¿نٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ مہتو اکثر ممبئی جاتے تھے اور دوسرے ممالک میں اپنے ہینڈلرز سے بات چیت کرتے تھے۔
ہندوستھا ن سماچار
