ہسٹری شیٹر کا گولی مار کر قتل، پولیس بد معاشوں کی تلاش میں مصروف
اعظم گڑھ، 07 نومبر (ہ س)۔ اعظم گڑھ ضلع کے پھول پور کوتوالی کے صدر پور برولی گاؤں میں واقع ٹیوب ویل کے پاس کل رات نامعلوم بدمعاشوں نے ایک نوجوان کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس نے بدمعاشوں کی تلاش شروع کردی۔
پھول پور کوتوالی کے صدر پور برولی گاؤں کا رہائشی بلال (28) پیر کی شام گاؤں کے باہر دروشا روڈ پر واقع ٹیوب ویل پر بیٹھا تھا۔ رات تقریباً 9 بجے بائک پر سوار بدمعاشوں نے اس پر فائرنگ کی۔ گولی لگنے سے بلال شدید زخمی ہو گیا جبکہ بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ قتل کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، سی او لال گنج، ایس پی رورل، ایس او جی اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی۔
ایس پی انوراگ آریہ نے بتایا کہ ٹیوب ویل پر بیٹھے نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ تمام افسران، فرانزک اور ایس او جی کی ٹیم بھی موقع پر تفتیش کر رہی ہے۔ ایس او جی کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق بلال پر کئی مقدمہ درج تھے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
