رنجی ٹرافی میچ کے دوران زخمی ہوئے تیز گیندباز پرسدھ کرشنا
نئی دہلی، 13 جنوری (ہ س)۔ احمد آباد میں گجرات کے خلاف جمعہ کو کرناٹک کے رنجی ٹرافی 24-2023 کے میچ کے پہلے دن تیز گیند باز پرسدھ کرشنا اپنے بائیں کواڈریسیپس میں انجری کا شکار ہو گئے اور بعد میں وہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ہوم سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہو گئے۔
پرسدھ 14.5 اوورز پھینکنے بعد میدان سے باہر چلے گئے۔ اس دوران انہوں نے منن ہنگراجیہ اور سدھارتھ دیسائی کی وکٹیں حاصل کیں، جس کی وجہ سے کرناٹک نے گجرات کو 88 اوورز میں 264 رنوں پر روک دیا۔
کرناٹک ٹیم کے فزیوز فی الحال پرسدھ کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، لیکن بی سی سی آئی سے معاہدہ شدہ کھلاڑی کے طور پر وہ انڈیا اے سپورٹ اسٹاف میں بھی شامل ہو سکتے ہیں، جو انگلینڈ لائنز کے خلاف دو روزہ میچ کے لیے احمد آباد میں ہیں۔
پرسدھ نے لمبر اسٹریس فریکچر کی وجہ سے تقریباً ایک سال تک ایکشن سے باہر رہنے کے بعد ہندوستان کے حالیہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا لیکن جنوبی افریقہ میں ان کا وقت اچھا نہیں گزرا، جہاں ٹیسٹ سیریز 1-1 سے ڈرا ہو گئی۔ انہوں نے دو ٹیسٹ میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اوسط 65 تھا اور وہ ٹیسٹ سیریز میں 4.64 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ ہندوستان کے سب سے مہنگے گیندباز تھے۔
محمد شامی اب بھی بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں، پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں محمد سراج اور اویش خان بطور تیز گیند باز ہیں۔
پہلے دو ٹیسٹ حیدرآباد (29-25 جنوری) اور وشاکھاپٹنم (6-2 فروری) میں کھیلے جائیں گے، اس سے قبل ٹیمیں راجکوٹ (19-15 فروری)، رانچی (27-23 فروری) اور دھرم شالا (11-7 مارچ) میں کھیلیں گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
