بھونیشور، 9 اگست (ہ س)۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے 1942 کے اگست کرانتی اور 1925 کے کاکوری کانڈ کی برسی کے موقع پر ملک کے بہادر مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دو الگ الگ پوسٹس کے ذریعے ان تاریخی واقعات اور ان سے جڑے بہادروں کو یاد کیا۔
اگست کرانتی کو یاد کرتے ہوئے مسٹر پردھان نے لکھا کہ 1942 کی اگست کرانتی جدوجہد آزادی کا وہ لمحہ تھا، جب پورا ملک برطانوی راج کے خلاف متحد تھا۔ مہاتما گاندھی نے ممبئی کے اگست کرانتی میدان سے ‘کرو یا مرو’ کی کال دی، جس نے تحریک آزادی کو ایک نئی سمت اور زبردست رفتار دی۔ یہ صرف ایک تحریک نہیں تھی، بلکہ لوگوں میں آزادی کے لیے غیر متزلزل ایمان اور بے مثال حوصلے کی علامت تھی۔
کاکوری کانڈ کی برسی پر اپنے پیغام میں مسٹر پردھان نے کہا کہ 9 اگست 1925 کا دن ہندوستانی جدوجہد آزادی کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا ہوا ہے۔ لکھنو¿ کے قریب کاکوری میں رام پرساد بسمل، چندر شیکھر آزاد، اشفاق اللہ خان اور ان کے ساتھیوں نے انگریز راج کی ٹرین روک کر ناانصافی اور استحصال کے خلاف آواز بلند کی۔ اس واقعہ کا مقصد برطانوی حکومت کی طرف سے عوام سے لوٹی گئی رقم کو انقلابی سرگرمیوں اور قومی مفاد میں استعمال کرنا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
