ممبئی جلگاؤں حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ انمیش پاٹل بدھ کو اپنے حامیوں کے ساتھ شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) دھڑے میں شامل ہو گئے۔ پارٹی صدر ادھو ٹھاکرے نے انمیش پاٹل کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاٹل کی عزت نفس کا احترام کیا جائے گا۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی کا رجحان ‘استعمال اور پھینکو’ کا ہے۔جس طرح انمیش پاٹل نے بی جے پی کو آگے بڑھایا اسی طرح شیوسینا نے بھی بی جے پی کو آگے بڑھایا تھا، اس کے باوجود جس طرح بی جے پی نے شیو سینا کو باہر پھینکا تھا، اسی طرح انمیش پاٹل کو بھی باہر نکال دیا اور جلگاؤں سے امیدواری نہیں دی۔ انمیش پاٹل اپنی پارٹی میں امیدواری لینے نہیں آئے ہیں۔انکی عزت و احترام کا ہماری پارٹی میں خیال رکھا جائیگا۔
انمیش پاٹل نے کہا کہ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کے طور پر جلگاؤں میں ترقیاتی کام کروائے تھے لیکن بی جے پی نے ان کے کاموں کا نوٹس نہیں کیا اور انہیں امیدوار نہیں بنایا۔ ہمارے حمایتی کارکن اس سے ناراض تھے، ان کی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے انہوں نے بی جے پی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور شیوسینا کے ادھو دھڑے میں شامل ہو گئے ہیں۔
