مونگیر میں غیر قانونی منی گن فیکٹری کاانکشاف، تین اسلحہ ساز گرفتار
مونگیر، 21 فروری ۔ بہار کے مونگیر ضلع کے دیارہ علاقے میں پولیس نے ایک غیر قانونی منی گن فیکٹری کا انکشاف کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے پولیس نے اسلحہ اسمگلروں کے خلاف مہم تیز کر دی ہے۔ مفصل تھانہ علاقے میں گنگا کے اس پار موہالی دیارہ میں مہم چلاتے ہوئے دیارہ میں جھاڑیوں کی آڑ میں چل رہی دو منی گن فیکٹریوں کا انکشاف کیا ہے۔ موقع سے تین اسلحہ سازوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے موقع سے تین اسلحہ سازوں کو ایک نیم تیار پستول، دو بیس مشینیں، 4 کارتوس، 1 میگزین اور اسلحہ بنانے کے بہت سارے مواد سمیت گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں مونگیر کے ٹرینی اے ایس پی شیلیندر سنگھ نے کہا کہ مونگیر پولیس اسلحہ کے اسمگلروں کے خلاف مسلسل مہم چلا رہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔
ٹرینی اے ایس پی شیلیندر سنگھ نے بتایا کہ جس کے زمین پر اسلحہ سازوں کے ذریعہ غیر قانونی اسلحہ تیار کیا جارہا تھا اب پولیس اس سفید پوش کو بھی اسلحہ تیار کرنے کے معاملے میں نامزد ملزم بنا رہی ہے۔ پولیس اب اسلحہ سازوں اور اسمگلروں کی معاشی طور پر کمزور کرے گی۔
ایسے کہا جاتا ہے کہ اسلحہ اسمگلنگ اور مینوفیکچرنگ کا مونگیر سے بہت پرانا تعلق ہے۔ اس سلسلے میں پولیس مسلسل چھاپہ ماری کر اسلحہ اسمگلروں کو پکڑ رہی ہے لیکن مونگیر سے یہ بدنما داغ نہیں ہٹ رہا ہے۔ لیکن اب مونگیر پولیس نے اسلحہ کے اسمگلروں کے خلاف کا رروائی کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
