کولکاتا کا بریگیڈ پریڈ گراونڈ عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے تیار!
۔ 60 ہزار خواتین کل بجائیں گی شنکھ، گیتا پاٹھ کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار لوگوں نے کرایا رجسٹریشن
کولکاتا، 23 دسمبر (ہ س)۔ کولکاتا کا بریگیڈ پریڈ گراونڈ عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے تیار ہے۔ یہاں اتوار (24 دسمبر) کو کم از کم ایک لاکھ لوگ ایک ساتھ گیتا پاٹھ کریں گے۔ تاہم اب تک 1 لاکھ 30 ہزار لوگ گیتا پاٹھ کے لیے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں جنوبی بنگال کے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ ان کے لیے 10 لوکل ٹرینیں بک کی گئی ہیں۔ شمالی بنگال سے کوئی ٹرین گیتا پاٹھ کرنے والے لوگوں کو لیکر نہیں پہنچے گی۔
لیڈر حزب اختلاف اور سینئر بی جے پی ایم ایل اے شبھیندو ادھیکاری بھی اس تقریب میں اہم چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی بحران کی وجہ سے شمالی بنگال سے لوگوں کو نہیں لایا جا رہا ہے۔ ایک منتظم نے بتایا کہ گیتا پاٹھ سے پہلے 60 ہزار خواتین مل کر شنکھ بجائیں گی اور 70 ہزار لوگ گیتا پاٹھ سے پہلے پارتھ سارتھی بجاو… گیت گائیں گے۔
قبل ازیں یہ طے پایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مہمان خصوصی ہوں گے اور ان کے ساتھ دواریکا پیٹھ کے شنکراچاریہ سدانند سرسوتی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے دورے کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے لیکن سدانند سرسوتی اس میں شرکت کریں گے۔
گیتا پاٹھ کی آخری تیاریاں جاری ہیں۔ ہفتہ کی شام تک تمام تیاریاں مکمل کرلی جائیں گی۔ بریگیڈ پریڈ گراونڈ میں وکٹوریہ میموریل کے بالکل سامنے دو بڑے پلیٹ فارم بنائے جا رہے ہیں۔ ایک طرف مہمان خصوصی ہوں گے اور دوسری طرف ’’پارتھ سارتھی بجاو بجاو…‘‘ گیت شروع ہوگا۔ کولکاتا پولیس نے اس تقریب کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
