اسرائیلی پارلیمنٹ نے غزہ میں چار روزہ جنگ بندی کی تجویز کو دی منظور، حماس 50 یرغمالیوں کو رہا کرے گا
تل ابیب، 22 نومبر (ہ س)۔ اسرائیل کی پارلیمنٹ نے اسرائیل اور حماس کے تنازع میں بدھ کو ایک اہم قرارداد کو منظوری دی۔ 50 اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے بدلے چار روزہ جنگ بندی کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔ رہا ہونے والے یرغمالیوں میں خواتین اور بچے ہوں گے۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس کو غزہ پٹی میں یرغمال بنائے گئے تقریباً 240 میں سے 50 کو چار دنوں کے اندر رہا کرنا ہو گا۔ بدھ کی صبح اس قرارداد پر ووٹنگ سے قبل وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل دوبارہ حماس کے خلاف جارحانہ مہم شروع کرے گا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق حماس جن یرغمالیوں کو رہا کرے گا، ان میں 30 بچے اور 20 خواتین شامل ہیں۔ انہیں ہر روز 12 سے 13 کے گروپوں میں رہا کیا جائے گا۔ اسرائیل 10 یرغمالیوں کے ہر گروپ کی رہائی کے بدلے ایک دن کی جنگ بندی کرے گا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق جنگ بندی کے اس مسودے کے تحت اسرائیل 150 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کرے گا، جن میں خواتین اور بچوں کو ترجیح دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
