نئی دہلی، 29 اکتوبر (ہ س)۔ اتوار کی صبح کیرالہ کے ارناکولم ضلع کے کالاماسیری میں ایک کنونشن سینٹر میں ہونے والے بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 36 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا جب عیسائیوں کے ایک فرقے ‘یہوواہ وٹنسز’ کی طرف سے عبادت کی جا رہی تھی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین سے بات کی اور بم دھماکے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے این آئی اے اور این ایس جی کو بھی موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کیرالہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر شیخ درویش صاحب نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکہ ایک آئی ای ڈی ڈیوائس سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح تقریباً 9 بجکر 40 منٹ پر جمرہ انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور 36 افراد زیر علاج ہیں۔ کنونشن سنٹر میں علاقائی کانفرنس ہو رہی تھی۔ ہمارے تمام سینئر افسران موقع پر موجود ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس افسر نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
اس معاملے میں کیرالہ کے وزیر وی این واساون کا بیان بھی آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ سے خاتون کی موت ہو گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔ ایک شخص ہلاک اور 36 افراد زخمی ہیں۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
