اے ایف سی ایشین کپ: تھائی لینڈ ناک آوٹ مرحلے میں، سعودی عرب نے عمان کو شکست دی
دوحہ، 17 جنوری (ہ س)۔ سوپاچائی چاڈیڈ کے دو گولوں کی بدولت تھائی لینڈ نے منگل کو اے ایف سی ایشین کپ میں کرغزستان کو 0-2 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی گروپ میچوں کے پہلے دور کا اختتام ہوا۔
تھائی لینڈ نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا گروپ ایف میچ جیت لیا اور اب تک ٹورنامنٹ میں تین پوائنٹس حاصل کرنے والی پہلی جنوب مشرقی ایشیائی ٹیم بن گئی۔ یہ جیت انڈونیشیا، ملیشیا اور ویتنام کے ہاتھوں شکست کے بعد ملی۔
میچ کا پہلا گول 26 ویں منٹ میں ہوا، جب سوپاچائی نے ریباونڈ کو گول میں بدل کر تھائی لینڈ کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
25 سالہ فارورڈ سوپاچائی نے ہاف ٹائم کے تین منٹ بعد ایک اور ٹیپ- ان کے ساتھ اپنا دوسرا گول کیا۔ تھائی لینڈ جو ٹورنامنٹ کے 2019 ایڈیشن کے بعد پہلی بار ناک آوٹ مرحلے میں پہنچا، اب گروپ ایف میں سعودی عرب کے ساتھ تین پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ منگل کی رات سعودی عرب نے عمان کو 1-2 سے شکست دی۔
صلاح الیحیائی نے میچ کے 14 ویں منٹ میں گول کیا، جسے چیلنج کیا گیا اور وی اے آر ریویو کے بعد گول قرار دیا گیااور عمان کو 0-1 کی برتری حاصل ہوئی۔
تین بار کے ایشین کپ چیمپیئن سعودی عرب نے 78ویں منٹ میں گول برابر کر دیا جب عبدالرحمن غریب نے عمان کے تین محافظوں کو چھکایا اور گیند کو نیٹ میں ڈال دیا۔
سعودی عرب کے لیے علی البلاحی نے انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں کلوز رینج ہیڈر کے ذریعے گول کیا، جسے ابتدا میں آف سائیڈ قرار دیا گیا، لیکن بعد میں وی اے آر ریویو کے بعد گول قرار دیا گیا اور سعودی عرب نے میچ 1-2 سے جیت لیا۔
12 جنوری سے 10 فروری تک جاری رہنے والے ایشین کپ میں کل 24 ٹیمیں چھ گروپس میں حصہ لے رہی ہیں۔
چھ گروپ کی فاتح اور رنر اپ چار بہترین تیسری پوزیشن کی ٹیموں کے ساتھ ناک آوٹ مرحلے میں داخل ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
