۔ سرفراز نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں نصف سنچری بنائی
راجکوٹ، 15 فروری ۔ کپتان روہت شرما (131) اور رویندرجڈیجہ (ناٹ آؤٹ 110) کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں پر 326 رن بنا لئے ہیں۔ جڈیجہ 110 پر کھیل رہے ہیں اور نائٹ واچ مین کلدیپ یادو 1 رن بنا چکے ہیں۔ روہت اور جڈیجہ کے علاوہ سرفراز خان نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے شاندار نصف سنچری مکمل کی یعنی 62 رن بنائے۔
میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی شروعات خراب رہی اور یشسوی جیسوال (10)، شبھمن گل (00) اور رجت پاٹیدار (5) صرف 33 رن کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
یہاں سے کپتان روہت شرما اور رویندر جڈیجہ نے چوتھی وکٹ کے لیے 204 رنن کی شراکت داری کی اور ہندوستان کو میچ میں واپس لائے۔ اس دوران کپتان روہت نے اپنی سنچری مکمل کی۔ تاہم 131 رن کی شاندار سنچری کھیلنے کے بعد روہت 237 کے مجموعی اسکور پر مارک ووڈ کی گیند پر بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد سرفراز خان اور جڈیجہ نے پانچویں وکٹ کے لیے 77 رن کی شراکت قائم کی اور بھارت کا اسکور 314 رن تک پہنچا دیا۔ تاہم جب جڈیجہ 99 کے اسکور پر تھے تو سرفراز خان غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز نے آؤٹ ہونے سے قبل 66 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 62 رن کی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد جڈیجہ نے اپنی سنچری مکمل کی۔ دن کے کھیل کے اختتام پر کلدیپ یادیو 1 اور جڈیجہ 110 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 3 اور ٹام ہارٹلے نے 1 وکٹ حاصل کی۔
