نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ یورپ کے دورے پر گئی انڈیا اے مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار آغاز کیا ہے اور اب تک کھیلے گئے چار میں سے تین میچ جیتے ہیں۔ کپتان سنجے کی قیادت میں ٹیم نے جارحیت اور نظم و ضبط کا زبردست امتزاج دکھایا۔ اب ٹیم کی توجہ دورے کے اگلے مرحلے میں انگلینڈ، بیلجیئم اور ہالینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف تسلسل برقرار رکھنے پر ہے۔ ٹیم نے آئرلینڈ اور فرانس کے خلاف شاندار فتوحات درج کیں اور اب آنے والے سخت میچوں کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
ٹیم کی کارکردگی پر کوچ شیویندر سنگھ نے کہا کہ یورپی ٹور کا آغاز بہت اچھا ہوا ہے، کھلاڑیوں نے جوش اور ذہانت کے ساتھ پرفارم کیا ہے، اب تک ہالینڈ میں کھیلنے کا تجربہ مثبت رہا ہے اور ہم اس کارکردگی کو جاری رکھنے کے لیے پردے کے پیچھے محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تربیتی منصوبے اور پلیئر کمبی نیشن میدان میں کام کر رہے ہیں جس سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے۔ کھلاڑی حکمت عملی پر اچھی طرح عمل کر رہے ہیں اور پختگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی اسی شدت کو برقرار رکھیں گے۔
کپتان سنجے نے بھی ٹیم کی تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دورے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہر میچ کو سبق کے طور پر لے رہے ہیں، ہماری توجہ ہر میچ پر ہے اور ہم ہر بار اپنا بہترین دینا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اب تک کے نتائج مثبت رہے ہیں لیکن اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے اور جارحانہ ہاکی کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ آگے کچھ چیلنجنگ میچز ہیں اس لیے تسلسل برقرار رکھنا سب سے اہم ہوگا۔’
اس دورے کا مقصد نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ اور نمائش فراہم کرنا ہے، جنہیں مستقبل میں سینئر ٹیم کے لیے ممکنہ کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔ ٹیم اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف منگل کو شام 5:30 بجے (ہندوستانی وقت) ایمسٹیلوین، ہالینڈ کے ویگنر اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم دو میچوں میں بیلجیئم اور میزبان ہالینڈ کا مقابلہ کرے گی۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
