ویلنسیا، 14 دسمبر (ہ س)۔
ہندوستانی مرد اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں 15 سے 22 دسمبر تک 5 ملکی ٹورنامنٹ ویلنسیا 2023 میں حصہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیمیں اسپین، بیلجیم، جرمنی، آئرلینڈ اور فرانس ہیں۔
ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 15 دسمبر کو میزبان اسپین، 16 دسمبر کو بیلجیئم، 19 دسمبر کو جرمنی اور 21 دسمبر کو آئرلینڈ سے اپنے آخری میچ میں ٹکرائے گی۔
اسپین کے خلاف اپنے پہلے میچ سے قبل، ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا نے کہا، ہمیں ویلنسیا پہنچے تین دن ہوچکے ہیں، ہماری معمول کی کارروائی مکمل ہونےکے بعد اب ہم اسپین کے خلاف ٹورنامنٹ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دنیا کی بہترین رینک والی ٹیموں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائرز رانچی 2024 کی تیاری میں اپنی کمزوریوں پر کام کرنے کے لیے اس موقع کا استعمال کریں گے۔ ہم ہر کھیل میں اپنے دل سے کھیلیں گے کیونکہ یہ ہماری کارکردگی کا تعین کرے گا۔ یہ بہتر کرنے کا صحیح پلیٹ فارم ہے۔
اسی طرح ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم 15 دسمبر کو میزبان اسپین کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی، اس کے بعد 16 دسمبر کو بیلجیئم، 19 دسمبر کو جرمنی اور 20 دسمبر کو فرانس سے مقابلہ ہوگا
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ بھی اپنے پہلے میچ سے قبل اپنی کارکردگی کو لے کر پراعتماد ہیں۔ کچھ ٹاپ ہاکی ٹیمیں ویلینسیا آئی ہیں، وہ سبھی اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لیے اس ونڈو کو استعمال کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ہم اس سے مختلف نہیں ہیں۔ ہم ہر میچ کو اہم میچ سمجھیں گے اور ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم دوبارہ ہاکی کھیلنے اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کی منتظر ہے۔“
ہندوستھان سماچار
