نئی دہلی، 05 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم اگلے ماہ ایف آئی ایچ ہاکی مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ 2023 سے قبل اپنی کمزوریوں کو بہتر بنانے پر کام کرے گی۔ ٹیم ان کمزوریوں پر کام کرے گی جن کی نشاندہی جوہر کپ 2023 میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے دوران ہوئی تھی۔
ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ 2023 میں اپنی مہم کا اختتام پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 5-6 سے شکست دے کر کیا جب کہ کانسہ کے تمغے کے مقابلے میں اسکور 3-3 سے برابر رہا۔ سیمی فائنل میں جرمنی کے خلاف 3-6 سے شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر باؤنس بیک کیا اور کانسہ کا تمغہ جیت لیا۔
ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم کے کوچ سی آر کمار نے جوہر کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں کہا، ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم، میں اسے تسلی بخش نہیں کہوں گا کیونکہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ہم بہتر کر سکتے تھے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، اب ہم بنگلورو واپس جائیں گے اور ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ 2023 سے پہلے کے ہفتوں کا استعمال ان شعبوں کو بہتر اور تیز کرنے کے لیے کریں گے جن کی نشاندہی ہم نے جوہر کپ میں اس کارکردگی کے دوران کی تھی۔ اس ٹورنامنٹ نے ہمیں دیگر ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔ ہم ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ 2023 میں اس کے مطابق اپنی حکمت عملی بنائیں گے۔
ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونیئر ورلڈ کپ 2023 اگلے ماہ 5 دسمبر سے 16 دسمبر تک کوالالمپور (ملائیشیا) میں منعقد ہونا ہے۔ اس باوقار ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستان کو اسپین، کوریا اور کینیڈا کے ساتھ پول سی میں رکھا گیا ہے۔ پول اے میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، چلی اور میزبان ملائیشیا جبکہ پول بی میں جرمنی، فرانس، جنوبی افریقہ اور مصر اور پول ڈی میں ہالینڈ، بیلجیئم، پاکستان اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم 5 دسمبر کو کوریا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
