ممبئی، 8 نومبر (ہ س)۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے افغانستان کے خلاف گلین میکسویل کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کو ون ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز قرار دیا۔ میکسویل کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے منگل کو ممبئی میں شاندار واپسی کی اور ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
جیت کے لیے 292 رنوں کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم ایک وقت 19ویں اوور میں صرف 91 رنوں پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی جس کے بعد میکسویل اور کمنز نے آٹھویں وکٹ کے لیے 202 رنوں کی ریکارڈ شراکت قائم کی، اس اننگز کے دوران میکسویل معمولی زخمی بھی ہوئے۔ لیکن ہمت نہیں ہاری اور آخری دم تک ڈٹے رہے۔
کمنز 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ میکسویل نے 128 گیندوں میں مجموعی طور پر 21 چوکے اور 10 چھکے لگائے، کئی مواقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انہیں ریٹائرہرٹ ہونا پڑے گا، ایڈم زمپا ان کی جگہ لینے کے لیے کنارے کھڑے تھے۔ لیکن میکسویل نے ہمت نہیں ہاری اور شاندار انداز میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
کمنز نے میچ کے بعد کی پریزنٹیشن میں کہا، ’’مجھے نہیں معلوم کہ آپ میکسویل کی اننگز کو کس طرح بیان کریں گے۔ میکسی اس دنیا سے باہر ایک کھلاڑی کی طرح لگتے ہیں۔ ان کی یہ اب تک کی سب سے بڑی ون ڈے اننگز ہوگی۔‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ میکسویل کے ساتھ اپنی شراکت کا انتظام کیسے کر رہے ہیں، تو انہوں نے مذاق میں کہا، ’’میں اسٹرائک پر نہیں آ سکا۔ آپ بس میکسی کو اپنا کام کرنے دیں… میرا مطلب ہے، میں ایسے کسی کو کچھ بھی کیسے کہوں گا،وہ عظیم کھلاڑی ہیں، جب بھی آپ ہدف کا تعاقب کرتے ہیں، ان کے پاس ہمیشہ ایک منصوبہ ہوتا ہے۔ 200 رنوں سے پیچھے رہنے کے بعد بھی وہ میچ جیتنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔‘‘
افغانستان کے خلاف 3 وکٹوں سے جیت کے بعد آسٹریلیا اب بھارت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ آٹھ میچوں میں چھ جیت اور 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ افغانستان کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرنا ہے اور وہاں اس کی جیت اس کی سیمی فائنل کی امیدیں زندہ رکھے گی۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
