لاہور، 30 نومبر (ہ س)۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کیٹیگری ڈی سے بی میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی نے جمعرات کو مذکورہ معلومات دی۔
پی سی بی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ فیصلہ بورڈ کی پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے کہ اگر کیٹیگری اے یا بی سے کم سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی کو کپتان مقرر کیا جاتا ہے تو اس کے کنٹریکٹ کو اس کی کپتانی کی مدت کے لیے کیٹیگری بی میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
34 سالہ شان کو 15 نومبر 2023 کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ 2023-25 سائیکل کے اختتام تک ٹیسٹ کپتان نامزد کیا گیا تھا۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 30 ٹیسٹ میچوں میں 1,597 رنز بنائے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے شروع ہونے والی آئندہ تین میچوں کی سیریز میں بطور کپتان اپنی پہلی اسائنمنٹ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔ مسعود نے بابر اعظم کی جگہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھال لی ہے۔
پاکستان اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے چارٹ میں سرفہرست ہے، اس نے سری لنکا کو جولائی کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں، اس کے بعد 26 دسمبر سے میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور سیریز کا اختتام 3 جنوری 2024 سے سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے ساتھ ہوگا۔
پاکستانی ٹیم درج ذیل ہے: شان مسعود (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، سعید ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔
ہندوستھان سماچار
