پیرس اولمپک کھیل 2024 کے پہلے مشعل بردار ہوں گے اسٹیفانوس نٹوسکوس
ایتھنز، 23 نومبر (ہ س)۔ یونانی اولمپک تمغہ جیتنے والے اسٹیفانوس نٹوسکوس پیرس 2024 اولمپک کھیلوں کے لیے پہلے مشعل بردار ہوں گے۔ ہیلینک اولمپک کمیٹی (ایچ او سی) نے بدھ کو ایتھنز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ معلومات دی۔
2020 ٹوکیو گیمز میں روئنگ میں طلائی تمغہ جیتنے والے نٹوسکوس 16 اپریل کو مشعل ریلے کا آغاز کریں گے، جبکہ اولمپک لو روشن کرنے کی تقریب اسی دن اولمپک گیمز کی جائے پیدائش مغربی یونان کے قدیم اولمپیا میں ہوگی۔
یونانی سرزمین پر آخری مشعل بردار یونان کی مردوں کی قومی واٹر پولو ٹیم کے کپتان گیانس فاونٹولس ہوں گے، جنہوں نے ٹوکیو 2020 میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ 26 اپریل کو اولمپک مشعل حوالے کرنے کی تقریب کے دوران ایتھنز کے پیناتھینک اسٹیڈیم کے اندر آخری مشعل بردار ہوں گے۔
اسٹیڈیم میں تقریب کے اختتام پر، جہاں 1896 میں پہلے جدید اولمپکس کا انعقاد کیا گیا تھا، ہیلینک اولمپک کمیٹی کے صدر اسپیروس کپرالوس اسے پیرس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے حوالے کریں گے۔
کیپرلوس نے ایک بیان میں کہا، ’’ہمارے لیے جو بات زیادہ اہم ہے وہ اولمپک مشعل اپنے ساتھ لیکر آنے والے خصوصی پیغام ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا کے کئی حصوں میں جنگیں ہو رہی ہیں۔ ایسے وقت میں، یہ امن، تعاون، عظیم دشمنی، اولمپک ازم کے نظریات ہیں جو امید کے لو کو پھر سے جگا سکتے ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
