پہلی جیت کی امید کے ساتھ کیرالہ جائے گی حیدرآباد ایف سی
کوچی، 25 نومبر (ہ س)۔ انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 فٹ بال ایکشن ایک بار پھر شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گا جب ہفتے کی رات کوچی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں میزبان کیرالہ بلاسٹرز ایف سی اور حیدرآباد ایف سی کے درمیان دن کے ڈبل ہیڈر کا دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔ 22-2021 کے سیزن کا مقابلہ پھر یاد آجائے گا کہ حیدرآباد ایف سی نے پینلٹی شوٹ آوٹ میں ایوان ووکومانووچ کی ٹیم سے فائنل میں جیت کر اس سیزن کا خطاب حاصل کیا تھا۔
مخالف فارم میں چل رہے ان دونوں کلبوں کا ایک ہی مقصد ہوگا، یعنی ہر قیمت پر اس میچ سے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا۔ کیرالہ بلاسٹرز ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں اور فطری طور پر جیت حاصل کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں نظر آرہے ہیں، لیکن حیدرآباد ایف سی اور ان کے حامی امید کر رہے ہوں گے کہ ہیڈ کوچ تھانگبوئی سنگٹو سیزن میں ٹیم کی قسمت بدلنے کے لیے اپنا جادو چلائیں گے۔
کیرالہ بلاسٹرز ایف سی کے ہیڈ کوچ ایوان ووکومانووچ نے میچ سے پہلے کہا کہ ’’وہ پچھلے دو سالوں میں ہمارے سخت ترین حریفوں میں سے ایک رہے ہیں۔ حیدرآباد ایف سی کے خلاف میچ ہمیشہ مشکل ترین ہوتا ہے۔ وہ بہت اچھی ٹیم ہے جس میں بہت اچھے کھلاڑی ہیں، وہ دو سال قبل فائنل میں بھی ہمارے حریف تھے۔ ابھی ٹیبل میں رینکنگ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس لیگ میں کچھ بھی ممکن ہے، کوئی کسی کو بھی ہرا سکتا ہے۔‘‘
حیدرآباد ایف سی کے ہیڈ کوچ تھانگ بوئی سنگٹو نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’یہ وقفہ جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم ہونے کا ایک اچھا موقع تھا۔ اگر آپ اسکور پر نظر ڈالیں تو ہم بری طرح سے نہیں ہارے ہیں۔ کچھ میچ ایسے تھے جن میں ہم زیادہ سے زیادہ پوائنٹس جیت سکتے تھے۔ کیرالہ جانا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کیرالہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر کوئی فٹ بال کے بارے میں شامل اور پرجوش ہے۔ کھلاڑی اس ماحول میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ وہاں کھیلنا ان کے لئے ہمیشہ ایک اچھی یاد ہے۔‘‘
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 9 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے حیدرآباد ایف سی نے 5 اور کیرالہ بلاسٹرز نے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
