لکھنو، 30 اکتوبر (ہ س)۔ بھارت کو امید ہے کہ 2 نومبر کو ممبئی میں سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل ہاردک پانڈیا کی فٹنس کے بارے میں اگلے چند دنوں میں مزید وضاحت مل جائے گی۔
19 اکتوبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران پانڈیا کے بائیں ٹخنے میں اس وقت چوٹ آئی جب وہ ایک اوور کے درمیان میں اپنی ہی گیند سے گیند کو روکنے کی کوشش میں گر پڑے جس کی وجہ سے وہ دو میچوں سے باہر ہو گئے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز نہیں کھیل سکے۔
ہندوستان کے بولنگ کوچ پارس مہامبرے نے اتوار کو ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 100 رنزوں سے حاصل ہوئی جیت کے بعد ای ایس پی این کرک انفو کے حوالے سے کہا۔”میڈیکل ٹیم اس پر توجہ دے رہی ہے اور ہاردک اور این سی اے (نیشنل کرکٹ اکیڈمی) کے ساتھ بھی رابطے میں ہے،ہم چند دنوں میں اپ ڈیٹ کی توقع کر رہے ہیں۔“
آل راونڈر کے طور پر ٹیم کو توازن فراہم کرنے والے ہاردک کی جگہ ہندوستان نے محمد شامی اور سوریہ کمار یادو کو اپنے پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے اور شاردل ٹھاکر کو باہر رکھا ہے۔ ٹیم میں واپسی کے بعد سے شامی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ اور انگلینڈ کے خلاف سات اوور میں 22 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
یہ تقریباً طے ہے کہ ہندوستان ہاردک کو ٹیم میں واپس لانے میں جلدبازی نہیں کرے گا۔ ہاردک کی غیر موجودگی میں، ہندوستان نہ صرف سیمی فائنل کے لیے تقریباً کوالیفائی کر چکا ہے، بلکہ ٹیم ان کی غیر موجودگی میں آسانی سے جیت بھی درج کر رہی ہے۔ 2 نومبر کو سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد ہندوستان کا اگلا میچ 5 نومبر کو کولکاتا میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہے۔
ہندوستھان سماچار
