نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا فائنل آج دوپہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میگا فائنل میں آنے والے مہمانوں اور اسٹیڈیم میں موجود ناظرین کے استقبال کے لیے تیاریاں پوری کر لی ہیں۔
ایئر فورس کے ذریعہ کیا جائے گا ایئر شو۔ تقریب کا پہلا حصہ دوپہر 1:30 بجے ٹاس کے بعد ہندوستانی فضائیہ کا سوریہ کرن ایئر شو ہوگا۔ یہ پروگرام 15 سے 20 منٹ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کوک اسٹوڈیو میں اپنی پرفارمنس سے ہٹ ہوئے ’’گوٹیلو‘‘ گلوکار آدتیہ گڑھوی پہلی اننگز کے ڈرنکس بریک کے دوران گانا گائیں گے۔ اس کے بعد جونیتا گاندھی، نقاش عزیز، امت مشرا، آکاسا سنگھ، تشار جوشی اور بہت سارے عظیم گلوکار دل کو چھو لینے والے نغمے پیش کریں گے۔
میچ کی دوسری اننگز کے اختتام پر لیزر شو اور لائٹ شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ یقینی طور پر ایک ’’یادگار شام‘‘ ہوگی لیکن صرف وقت ہی بتائے گا کہ آیا روہت اور ان کے ساتھی اسے’’بہترین شام‘‘ بناپائیں گے یا نہیں۔
ہندوستھان سماچار//سلام
