دھرم شالہ، 23 اکتوبر ( ہ س)۔ بھارت کے خلاف 4 وکٹوں کی شکست کے بعد نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ مچل اور رویندر راچن کی شراکت کے بعد نیوزی لینڈ کو زیادہ رن بنانے چاہیے تھے۔ 36ویں اوور کے آغاز میں سات وکٹیں باقی ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ نے آخری 15 اوورز میں صرف 86 رن بنائے۔
لیتھم نے میچ کے بعد کہا،”میں نے سوچا کہ ہم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہو سکتا ہے کہ ہم آخری دس اوورز میں اپنی صورتحال کا پورا فائدہ نہیں اٹھا سکیں، لیکن اس کا پورا کریڈٹ بھارت نے آخری دس میں جس طرح سے گیند بازی کی، اسے جاتا ہے۔انہوں نے شاندار گیندبازی کی اور ہم نے شاید کچھ رن کم بنائے۔“
انہوں نے کہا کہ انہیں لگا کہ ان کی ٹیم نے 30-40 رن کم بنائے۔
انہوں نے کہا،”مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے پورا فائدہ اٹھایا۔ ڈیرل اور راچن نے آخری دس اوورز کے لیے اچھی شراکت داری کے ساتھ ہمیں ایک اچھا پلیٹ فارم دیا۔“
ایک وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیرل مچل اور راچن رویندرا کے درمیان 159 رنوں کی پارٹنر شپ کی بدولت بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہی تھی۔ 34ویں اوور میں نیوزی لینڈ کا اسکور 2 وکٹوں پر 178 رن تھا جب محمد شامی نے رویندر کو لانگ آن پر کیچ کر وا دیا۔ وہاں سے، ہندوستان نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو 273 رنوں تک محدود کردیا۔ آخر میں، بھارت نے چار وکٹوں اور 12 گیندیں باقی رہ کر ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا، یہ بھارت کی مسلسل پانچویں جیت ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں کی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان پانچ میچوں میں پانچ جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر پہنچ گیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی چار میچوں میں جیت کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ 29 اکتوبر کو لکھنو¿ میں انگلینڈ سے ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کا مقابلہ 28 اکتوبر کو دھرم شالہ میں آسٹریلیا سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
