شناکا اور ہسرنگا کی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے سری لنکن ٹیم میں واپسی
کولمبو، 4 جنوری (ہ س)۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بدھ کو زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے اپنی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا، جس میں کسل مینڈس 50 اوور کے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی جاری رکھیں گے۔ ان کے نائب کے طور پر چارتھ اسلانکا ہوں گے۔ داسن شناکا ران کی انجری کی وجہ سے 2023 کے ورلڈ کپ کے زیادہ تر میچوں سے محروم رہنے کے بعد ون ڈے اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔
وانندو ہسرنگا، جنہیں حال ہی میں سری لنکا کا ٹی- 20 کپتان نامزد کیا گیا تھا، ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن ان کی شرکت فٹنس پر منحصر ہے۔ یہ لیگ اسپنر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ورلڈ کپ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ آخری بار سری لنکا کے لیے 2021 میں کھیلنے والے اسپنر اکیلا دھننجے کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز 6، 8 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد تین ٹی-20 میچز ہوں گے جو 14، 16 اور 18 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ کولمبو کا آر پریم داسا اسٹیڈیم تمام میچوں کی میزبانی کرے گا۔
سری لنکا کا ون ڈے اسکواڈ درج ذیل ہے: کسل مینڈس (کپتان)، چرتھ اسلانکا (نائب کپتان)، پتھم نسانکا، اوشکا فرنانڈو، سدیرا سماراوکراما، سہان اراچیگے، نووانیدو فرنانڈو، داسن شناکا، زینتھ لیاناگے، مہیش تھیکشانا، دلشان مدوشنکا، دشمنتھا چمیرا، ڈونت ویلالاگے، پرمود مدوشن، جیفری وینڈرسے، اکیلا دھننجے، ونندو ہسرنگا (فٹنس سے مشروط)۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
