نئی دہلی، 07 اگست (ہ س)۔ خراب فارم سے دوچار آسٹریلیا کے نوجوان اوپنر سیم کونسٹاس کو دورہ بھارت کے لیے آسٹریلیا اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 19 سالہ کونسٹاس کو اگلے ماہ بھارت میں کھیلے جانے والے دو چار روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر جارج بیلی نے اس تجربے کو کھلاڑیوں کے لیے ’انمول‘ قرار دیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے دورے پر ان کی خراب کارکردگی کے باوجود کونسٹاس کو دورہ بھارت کا موقع دیا گیا ہے۔ وہ واحد موجودہ ٹیسٹ کھلاڑی ہیں جنہیں چار روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کیپ ہولڈرز کوپر کونولی، ٹوڈ مرفی اور نیتھن میک سوینی بھی 14 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔ تین ون ڈے میچوں کے لیے آسٹریلیا اے ٹیم کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
بیلی نے کہا کہ ‘برصغیر کی کنڈیشنز خاص ہیں اور یہاں کھیل کر کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں، ان کنڈیشنز میں بار بار کھیلنے سے کھلاڑیوں کو مستقبل کے دوروں کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے۔’
کونسٹاس نے گزشتہ سال باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف 60 رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی لیکن اس کے بعد سے وہ مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں وہ چھ اننگ میں 25 رن بھی عبور نہیں کر پائے تھے۔
آسٹریلیا کا چار روزہ اسکواڈ:
زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی، جیک ایڈورڈز، آرون ہارڈی، کیمبل کیلوے، سیم کونسٹاس، ناتھن میکسوینی، لانس مورس، ٹوڈ مرفی، فرگس او نیل، اولیور پیک، جوش فلپ، کوری روچی چیولی، لیام سکاٹ
آسٹریلیا او ڈی آئی اے اسکواڈ:
کوپر کونولی، ہیری ڈکسن، جیک ایڈورڈز، سیم ایلیٹ، جیک فریزر میک گرک، آرون ہارڈی، میکنزی ہاروی، ٹوڈ مرفی، تنویر سنگھا، لیام سکاٹ، لیکی شا، ٹام اسٹریکر، ول سدرلینڈ، کالم وِڈلر
آسٹریلیا اے بمقابلہ انڈیا اے میچ کا شیڈول:
16-19 ستمبر: پہلا چار روزہ میچ – لکھنؤ
23-26 ستمبر: دوسرا چار روزہ میچ – لکھنؤ
30 ستمبر: پہلا ون ڈے – کانپور
3 اکتوبر: دوسرا ون ڈے – کانپور
5 اکتوبر: تیسرا ون ڈے – کانپور
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
