نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔
ہندوستانی تیر اندازی کو ایک نئی اڑان دینے کے لیے، آرچری ایسوسی ایشن آف انڈیا (اے اے آئی) نے پیر کو ملک کی پہلی فرنچائز پر مبنی تیر اندازی لیگ کا اعلان کیا۔ یہ لیگ نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح پر تیر اندازی کو ایک نیا پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جس میں ہندوستان اور بیرون ملک کے ٹاپ ریکرو اور کمپاو¿نڈ تیر انداز شرکت کریں گے۔
لیگ کا مقصد ہندوستانی تیر اندازوں کو اولمپکس جیسے دباو¿ والے ماحول میں پرفارم کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے جس سے ان کے اعتماد اور تجربہ دونوں میں اضافہ ہوگا۔ چھ فرنچائز ٹیموں میں تقسیم ان کھلاڑیوں کے درمیان میچ اکتوبر میں 11 دن تک دہلی کے یمنا اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ مقابلے میں ریکرو آرچرز 70 میٹر کے فاصلے سے فائرکریں گے اور کمپاو¿نڈ آرچرز 50 میٹر کے فاصلے سے فلڈ لائٹس میںفائرکریں گے – جو کہ پہلی بار عالمی تیر اندازی میں دیکھا جائے گا۔
اے اے آئی کے صدر ارجن منڈا نے کہا، یہ صرف ایک لیگ نہیں ہے بلکہ ہزاروں دیہی تیر اندازوں کا خواب ہے جو برسوں سے ایک بڑے پلیٹ فارم کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم انہیں عالمی مقابلے میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
اے اے آئی کے سکریٹری جنرل وریندر سچدیوا نے کہا، ہندوستانی تیر اندازوں نے مسلسل بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ کرکٹ اور کبڈی جیسی لیگوں سے متاثر ہوکر، ہم نے یہ تیر اندازی لیگ شروع کی ہے، جس سے کھلاڑیوں کو اولمپک سطح کی تیاری میں مدد ملے گی۔
ورلڈ آرچری کے سکریٹری جنرل ٹام ڈلن نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ”یہ لیگ ہندوستانی اور بین الاقوامی تیر اندازوں کو مسابقتی ماحول میں خود کو بہتر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔“
اس لیگ کو ورلڈ آرچری، ورلڈ آرچری ایشیا اور حکومت ہند کی وزارت کھیل کی حمایت حاصل ہے۔ منتظمین کا مقصد ہندوستان کو تیر اندازی کے میدان میں ایک عالمی سپر پاور کے طور پر قائم کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
