آرٹسٹک جمناسٹک نیشنل چمپئن شپ: دیپا آل راونڈ میں سرفہرست، ریلوے نے خواتین ٹیم زمرے میں جیتا طلائی تمغہ
بھونیشور، 4 جنوری (ہ س)۔ اولمپیئن دیپا کرمکار سینئر آرٹسٹک جمناسٹک نیشنل چیمپئن شپ 2024 کے دوسرے دن بدھ کو سرخیوں میں رہیں کیونکہ انہوں نے کل 49.55 پوائنٹس کے ساتھ آل راونڈ کارکردگی میں سب سے بلند مقام حاصل کیا۔ خواتین ٹیم کیٹیگری میں ریلوے 182.60 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن بنی۔
بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں جمناسٹک سینٹر میں دوسرے دن خواتین زمرے میں مہاراشٹر 169.95 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ مغربی بنگال 166.80 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ میزبان اڈیشہ 164.65 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
جمناسٹک فیڈریشن آف انڈیا کے صدر سدھیر متل میڈل تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
دیپا نے تریپورہ کی نمائندگی کرتے ہوئے کل 49.55 نمبر حاصل کئے۔ انہوں نے والٹ پر 13.40، ان ایون بارس پر 10.65، بیلنس بیم پر 13.10 اور فلور ایکسرسائز پر 12.40 ریکارڈ کیا۔
آل راونڈ کیٹیگری میں سرفہرست رہنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیپا نے ایک آفیشل بیان میں کہا، ’’میں آٹھ سال بعد سینئر نیشنلز میں مقابلہ کر رہی ہوں، مجھے اس سے بہت اچھا لگ رہا ہے اور مجھے اپنی کارکردگی سے واقعی خوش ہوں۔ میں آگے اچھا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہاں جمناسٹکس سینٹر دیکھ کر واقعی بہت اچھا لگا اور مجھے یقین ہے کہ یہ اولمپک اور ایشین گیمز کے بہت سے جمناسٹ پیدا کرے گا۔ میں اس سنٹر کی تعمیر اور کھیلوں کی ثقافت پیدا کرنے کے لیے حکومت اڈیشہ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘
ریلوے کی پرنتی داس (47.00) اور سواستیکا گانگولی (45.30) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ پرنتی نے والٹ پر 12.80، ان ایون بارس پر 10.60، بیلنس بیم پر 11.50 اور فلور ایکسرسائز پر 12.10 درج کئے، جبکہ ان کی ٹیم کی ساتھی سواستیکا نے والٹ پر 12.80، ان ایون بارس پر 9.15، بیلنس بیم پر 11.70 اور فلور ایکسرسائز پر 11.65 پوائنٹس حاصل کئے۔
سینئر آرٹسٹک جمناسٹک نیشنل چیمپئن شپ کے آخری دن مردوں اور خواتین دونوں زمروں کے انفرادی جمناسٹ آج ایکشن میں ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
