مودی حکومت کو متھیلا کے لوگوں کی صحت کی کوئی فکر نہیں : سنجے جھا
پٹنہ، 2 دسمبر (ہ س)۔ دربھنگہ میں بننے والے بہار کے دوسرے ایمس سے متعلق محکمہ آبی وسائل کے وزیر سنجے جھا نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کو متھیلا کے لوگوں کی صحت کی کوئی فکر نہیں ہے بلکہ وہ اس کے ذریعہ انتخابات کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت مرکز سے زیادہ رقم خرچ کررہی ہے۔
بی جے پی دربھنگہ ایمس کے سنگ بنیاد کی تاریخ پوچھ رہی ہے۔ اس پر سنجے جھا نے کہا کہ انہیں اس میں مہارت حاصل ہے۔ اگر انہیں دربھنگہ ایمس کی فکر ہوتی تو اپریل میں ہی منظوری دے دیتے اور اب جو خط بھیجا ہے، اس میں انہوں نے دوسری زمین کی بات بھی کی ہے۔ وزیر نے کہا کہ اگر دوسری زمین دستیاب نہیں ہے تو یہ زمین تمام سہولیات کے ساتھ دینے کو کہا گیا ہے۔ انہیں اپریل میں بھی ایسا ہی کرنا چاہیے تھا۔ اگر ایسا ہوتا تو اب تک تعمیر شروع ہو چکی ہوتی۔
سنجے جھا نے کہا کہ حکومت بہاردربھنگہ ایمس میں مرکزی حکومت جتنی رقم دے رہی ہے، اس سے زیادہ رقم خرچ کر رہی ہے ۔ مٹی بھرنے کے لیے 309 کروڑ روپے کا ٹنڈر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت بہار زمین کی قیمت اور دربھنگہ ایمس کے کنیکٹیویٹی پر بھی بھاری رقم خرچ کر رہی ہے۔
وزیر نے کہا کہ جب وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس سال جنوری میں سمادھان یاترا کے لیے گئے تھے تو انہوں نے خود شوبھنا بائی پاس کی زمین دیکھی تھی اور اسے ایمس کے لیے موزوں قرار دیا تھا لیکن مرکزی حکومت کی ٹیم نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اب جبکہ مرکزی حکومت کی طرف سے خط آ گیا ہے، جلد ہی تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ دربھنگہ میں ایمس کی تعمیر کا معاملہ گذشتہ کئی سالوں سے زمین کی وجہ سے تنازعہ میں ہے، لیکن اب مرکزی حکومت سے منظوری ملنے کے بعد دربھنگہ میں ایمس کی تعمیر کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
