بنگال میں کہرے کے ساتھ شدید سردی، اگلے ہفتے سے ہوگا درجہ حرارت میں اضافہ
کولکاتا، 16 جنوری (ہ س)۔ مغربی بنگال میں مکر سنکرانتی کے بعد موسم بدلنا شروع ہو گیا ہے۔ منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 13.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کا سلسلہ اگلے ہفتے سے شروع ہو جائے گا۔
علی پور واقع محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈ کوارٹر کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کم سے کم درجہ حرارت 20.2 ڈگری سیلسیس ہے جو کہ معمول سے پانچ ڈگری کم ہے، جس کی وجہ سے شدید سردی ہے۔ ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پورولیا، بانکوڑا، مرشد آباد، مالدہ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 9 سے 18 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے، جس کی وجہ سے شدید سردی پڑر ہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی گھنا کہرا بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی ہے اور گاڑیوں کو آہستہ چلانے کی صلاح دی گئی ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کالمپونگ میں درجہ حرارت اب بھی 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 جنوری کے بعد بنگال میں پارہ بڑھنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جس کے بعد آہستہ آہستہ سردی ختم ہو جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
