جموں ،21 اکتوبر ،جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی سرحد پار اسمگلنگ سے منسلک ایک کیس میں ایک اہم ملزم کو ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے ہماچل پردیش کے منڈی ضلع سے گرفتار کیا ہے۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد اقبال ولد سلیم دین ساکن کرمارہ ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ 30 اور 31 مئی کی درمیانی شب پونچھ کے کرمارہ میں سرحدی باڑ کے قریب اس کے تین ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد سے وہ فرار تھا ۔جنہیں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کے بھاری ذخیرے کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔تحقیقات کے دوران ایس آئی اے ٹیم کو پتہ چلا کہ محمد اقبال موقع سے فرار ہو گیا تھا۔تکنیکی نگرانی اور انسانی انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے، پتہ چلا کہ اقبال ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں چھپا ہوا ہے ۔ جہاں اسے ایس آئی اے جموں کی ایک ٹیم نے گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ 19 اگست کو اس گروپ کے ہینڈلر محمد جاویدکو ایس آئی اے نے دہلی میں ایک آپریشن میں گرفتار کیا، جس کے نتیجے میں 25 اگست کو پونچھ سے ایک اور شریک سازشی لیاقت کو گرفتار کیا گیا۔تفتیش میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان سمیت بیرونی ممالک سے منشیات کے اس ماڈیول کو چلانے والے ہینڈلرز کے کردار کا انکشاف ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک اس کیس میں چھ گرفتاریاں کی جا چکی ہیں اور نارکو ٹیرر ماڈیول کے تمام روابط کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔حکام نے بتایا کہ اس نارکو ٹیرر ماڈیول کے سرحد پار آپریشن کے پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے۔مختصر مدت میں غیر متناسب دولت جمع کرنے کے پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
