جے پور، 26 اکتوبر ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اسمبلی انتخابات میں قومی جماعتوں کے ساتھ ساتھ علاقائی جماعتوں کو بھی نشانات الاٹ کیے جانے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس میں چھ قومی جماعتوں کو الاٹ کیے گئے شناختی نشانات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے سکریٹری جے دیو لہڑی نے قومی جماعتوں کے لیے مخصوص شناختی نشانات اور علاقائی جماعتوں کو الاٹ کیے جانے والے شناختی نشانات کے حوالے سے 2 الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عام آدمی پارٹی کے لیے جھاڑو کا نشان، بہوجن سماج وادی پارٹی کے لیے ہاتھی، بی جے پی کے لیے کمل کا پھول، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے لیے ہنسیا ہتھوڑا، کانگریس پارٹی کے لیے ہاتھ کا نشان اور نیشنل پیپلز پارٹی کے لیے کتاب کا نشان مختص کیاہے۔یہ شناختی نشان پارٹی کے مجاز امیدواروں کو دیے جا سکتے ہیں۔ جبکہ علاقائی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو 193 میں سے کوئی بھی آزاد نشان الاٹ کیا جا سکتا ہے۔
