جموں سرینگر قومی شاہراہ پر تین روز بعد جزوی طور پر یکطرفہ گاڑیوں کی آمدرفت بحال
جموں، 21 فروری ۔ وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصّوں کے ساتھ جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی 270 کلومیٹر طویل جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کو رامبن ضلع میں متعدد مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے گزشتہ دو دنوں سے بند رہنے کے بعد بدھ کی سہ پہر جزوی طور پر یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ کو پیر کی صبح لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی سے پتھر گرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ڈلواس، پیڑہ ٹنل کے قریب، مہڑ کیفے ٹیریا، جیسوال پل، ترشول موڑ، سیری، ٹی 2، بندر موڑ، ماں پاسی، گنگرو، ہنگنی ماروگ، کشتواڑی پتھر شالگدی رامپاری، تبیلا اور چملواس کے مقام پر شاہراہ سے ملبہ ہٹایا گیا ہے۔ یہ علاقے مسلسل بارش اور برف باری سے متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح موسم میں بہتری کے ساتھ، متعلقہ روڈ کلیئرنس ایجنسیوں نے مزید آدمیوں اور مشینوں کو متحرک کیا اور دوپہر کو شاہراہ کو جزوی طور پر یک طرفہ ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا۔
شاہراہ کی بحالی کے بعد ناشری اور بانہال کے درمیان درماندہ گاڑیوں کو نکالنے کے لئے راستہ ہموار ہوا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور امکان ہے کہ آج رات تک شاہراہ کو دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی حالت کا تازہ جائزہ لینے کے بعد جمعرات کی صبح دونوں طرف سے تازہ ٹریفک کی اجازت دی جائے گی۔
