لکھنؤ : گیانواپی مسجد کے ویاس جی تہہ خانہ میں پوجا کے خلاف احتجاج میں بند کا اثر
لکھنؤ، 02 فروری (ہ س)۔ وارانسی میں گیانواپی مسجد کے ویاس جی تہہ خانہ میں پوجا کے خلاف احتجاج کرنے والی انجمن انتظامیہ مسجد کی طرف سے اعلان کردہ اتر پردیش بند کا لکھنؤ میں اثر نظر آیا۔ لکھنؤ میں کچھ کاروباری تنظیموں نے اترپردیش بند کی حمایت میں دکانیں بند کر دیں۔ ٹھاکر گنج، چوک، اکبری گیٹ، سعادت گنج، امین آباد سمیت مختلف مقامات پر بازار کے علاقے میں زیادہ تر دکانیں صبح سے دوپہر ایک بجے تک بند رہیں۔
گیانواپی مسجد کے ویاس جی تہہ خانہ میں پوجا شروع ہونے کے خلاف انجمن انتظامیہ مسجد وارانسی نے ریاست کے مختلف مقامات پر مسلم تاجروں سے اپنی دکانیں بند کرنے کی اپیل کی تھی۔ لکھنؤ کے بڑے رہائشی علاقوں کو چھوڑ کر اس کا اثر مسلم اکثریتی علاقوں کے بازاروں پر پڑا۔ شہر میں گوشت، بریانی، کپڑوں، جوتوں اور برتنوں کی بڑی دکانیں بند رہیں۔
بارود خانہ میں بریانی کا کاروبار کرنے والے کلیم نے بتایا کہ دکانیں بند ہونے سے انہیں نقصان ہوتا ہے۔ اس کے باوجود تاجروں کی اپیل اور انجمن انتظامیہ مسجد وارانسی کی کال پر آج دکان بند رہی۔
لکھنؤ میں دکانیں بند ہونے کے دوران یوپی پولیس کے کئی افسران سڑک پر الرٹ نظر آئے۔ پولیس افسران کے ساتھ ساتھ مقامی تھانوں کے پولیس اہلکار بھی حفاظتی انتظامات سنبھال رہے تھے۔ پولیس اہلکاروں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں چوراہوں پر سخت نگرانی رکھی۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس کے کارگزار ڈائرکٹر جنرل پرشانت کمار نے گیانواپی معاملے کو لے کر ریاست میں چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایات دی تھیں۔ تمام مساجد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر خصوصی نگرانی رکھی جا رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
