حیدرآباد۔، 2 ۔ نومبر۔
تلنگانہ میں بی جے پی کوآج اس وقت جھٹکہ لگاجب سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک وینکٹ سوامی نے پارٹی سے استعفی دے کرکانگریس میں شمولیت اختیارکرلی۔جی ویویک کانگریس کے بزرگ رہنما آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے فرزندہیں اوروہ ایک تلگواخباراورنیوزچینل کے مالک ہیں۔کانگریس میں ان کی گھرواپسی سے پارٹی کواہم تشہیری مددمل سکتی ہے۔جی ویویک نے آج صبح صدربی جے پی جی کشن ریڈی کواپنااستعفی روانہ کردیااورحیدرآبادمیں مقیم کانگریس قائدراہل گاندھی سے ملاقات کی۔راہل گاندھی فائیواسٹار ہوٹل میں قیام پذیرتھے اورصبح میں راہل گاندھی نے فون پرجی ویویک سے بات چیت کی اور کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی۔ جی ویویک نے ریونت ریڈی کے ہمراہ شمس آباد کی نووٹیل ہوٹل میں راہل گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کاکھنڈوا پہن لیا۔بعدمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی ویویک نے کہاکہ تلنگانہ میں کے سی آرکی ڈکٹیٹرشپ کاخاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ سونیا گاندھی نے عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے نئی ریاست تشکیل دی تھی لیکن صرف کے سی آراوران کے خاندان کو فائدہ ہوا۔
