حیدرآباد، ۔
دہلی شراب پالیسی معاملہ میں دہلی کے راس ایونیوکورٹ نے بی آرایس کی رکن کونسل کویتا کو 9اپریل تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔آج ان کی تحویل کے اختتام پران کوعدالت میں پیش کیاگیا۔ای ڈی کے وکیل نے بذریعہ آن لائن اپنے دلائل پیش کئے اوربی آرایس لیڈرکی عدالتی تحویل میں مزید15دن توسیع کی عدالت سے خواہش کی۔
انہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی جانچ جاری ہے۔بعض ملزمین سے ہنوزپوچھ گچھ نہیں کی گئی ہے۔اس مرحلہ پرکویتاکے وکیل نے عدالت سے کہا کہ کویتا کے فرزند کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوچکاہے۔انہوں نے عدالت سے خواہش کی کہ کویتا کی عبوری ضمانت منظورکی جائے۔دونوں فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے کویتاکو14دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں دینے کی ہدایت دی۔یہ عدالتی تحویل 9اپریل تک جاری رہے گی۔عدالت کے حکم کے بعد کویتاکودہلی کی تہاڑجیل منتقل کردیاجائے گا۔اسی دوران عدالت نے کہاکہ کویتا کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت یکم اپریل کو کی جائے گی۔قبل ازیں کویتا نے عدالت میں پیش کرنے سے پہلے وہاں میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کا معاملہ نہیں بلکہ سیاسی لانڈرنگ کا معاملہ ہے۔یہ ایک فرضی اورمن گھڑت کیس ہے۔
ہم اس سے بے قصور باہر نکل جائیں گے۔اس معاملہ کا ایک ملزم پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہوگیا ہے۔دوسرے ملزم کو بی جے پی کاٹکٹ مل رہا ہے اورتیسرے ملزم نے 50کروڑروپئے الکٹورل بانڈ میں دیئے ہیں۔
