جموں میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور شخص کی موت، کُل تعداد چار ہو گئی
جموں، 14 اکتوبر- جموں و کشمیر میں ڈینگی کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس دوران ڈینگی سے متاثر ہونے والے ایک اور شخص نے جموں کے ایک اسپتال میں دم توڑ لیا جبکہ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے ڈینگی کے 119 تازہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سال اب تک ڈینگی کے کیسوں کی کل تعداد 3271 ہو گئی ہے۔ اس موت کے ساتھ رواں برس ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈینگی سے مرنے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ تیج پال ساکن بہار کے طور پر ہوئی ہے۔ متوفی سی ٹی ایم کالونی کٹھوعہ میں مقیم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی تشخیص 3 اکتوبر کو جی ایم سی کٹھوعہ میں ڈینگی بخار میں ہوئی تھی اور اسے 10 اکتوبر کو جی ایم سی ایچ جموں منتقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں صوبے میں اس سال ڈینگی کی وجہ سے چوتھی اور کٹھوعہ ضلع میں پہلی موت ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ڈینگی کے لیے آج 828 افراد کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 119 پازیٹیو پائے گئے۔ 119 مثبت کیسوں میں سے 66 کیس جموں ضلع سے رپورٹ ہوئے جبکہ 26 کیس ادھم پور، 11 کٹھوعہ، 6 سانبہ، 4 ریاسی، 3 ڈوڈہ، 2 پونچھ اور 1 رام بن سے رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثبت مریضوں میں 98 بالغ اور 21 بچے شامل ہیں۔اب تک سب سے زیادہ 2234 معاملے جموں ضلع سے ہیں، اس کے بعد ضلع ادھم پور میں 348، کٹھوعہ میں 249 اور سانبہ میں 218 کیس ہیں عہدیدار نے کہا کہ راجوری میں 64، ریاسی میں 31، رامبن میں 30، ڈوڈہ میں 24، پونچھ میں 23، کشتواڑ میں 4، کشمیر میں 15 اور ملک کے دیگر حصوں سے 27 معاملے سامنے آئے ہیں۔
