ضلع رامبن میں ایک 25 سالہ نوجوان کمرے میں پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا
جموں، 27 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں نوجوانوں میں خود کشی کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلع رامبن میں جمعہ کے روز ایک 25 سالہ نوجوان اپنے کمرے میں چھت کے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ مقامی لوگوں کی طرف سے اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ متوفی کی شناخت راجندر سنگھ ولد رسیلا سنگھ ساکن ڈڈلا ضلع رامبن کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ راجندر سنگھ پولیس چیک پوسٹ رامبن کے قریب چناب سٹون کرشر میں باورچی کے طور پر کام کر رہا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور متوفی کی لاش کو ضلع اسپتال رامبن کے مردہ خانہ میں منتقل کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔ تاہم موقع سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
