فیکٹری ملازم کو روندنے کے بعد ٹرک چار کیلومیٹر تک گھسیٹ لے گیا
ہمیر پور، 17 اکتوبر (ہ س)۔ ہمیر پور ضلع کے سمر پور قصبہ میں کانپور-ساگر قومی شاہراہ پر ایک نامعلوم ٹرک نے موٹر سائیکل سوار ایک فیکٹری ملازم کو کچل دیا۔ حادثہ کے بعد ٹرک لاش کو چار کلومیٹر تک گھسیٹ کر لے گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھجوا دیا۔ سمر پور تھانہ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واضح ہو کہ کانپور-ساگر قومی شاہراہ-34 پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ پیر کے روز تھانہ سمر پور کے فیکٹری ایریا میں پولیس چوکی کے قریب تیز رفتار کنٹینر نے موٹر سائیکل سوار ٹیچر اور دو طالبات کو کچل دیا تھا۔ اس حادثے میں پانچویں جماعت کی طالبہ خوشبو کی موت ہو گئی تھی، جب کہ تیسری جماعت کی طالبہ ارپیتا اور پرائمری اسکول ٹیچر مہیش انورگی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں طالبہ ارپیتا کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے کانپور ریفر کر دیا گیا۔ اس حادثے کو 12 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ پیر کی رات دیر گئے فیکٹری ایریا کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا۔
سومیر پور تھانہ انچارج رام آسرے سروج نے منگل کو بتایا کہ سومیر پور شہر کے اونچا تھوک موہال کا رہائشی ششی کانت یادو (28) پیر کی رات دیر گئے موٹر سائکل پر ڈیوٹی کے لیے گھر سے سومیر پور میں فیکٹری ایریا جا رہا تھا کہ اسے ایک ٹرک نے کچل دیا۔ واقعے کے بعد ڈرائیور لاش کو ٹرک سمیت چار کلومیٹر تک گھسیٹتا رہا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
