ضلع ادھم پور کے لاٹھی میں آتشزدگی کی ہولناک واردات، سات مویشی جھلس کر ہلاک
جموں، 29 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کی تحصیل لاٹھی کے سراد علاقے میں آتشزدگی کی ہولناک واردات میں چار بھینسوں سمیت سات مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاٹھی کے قریب سراد گاؤں میں جوگندر لال اور سدیش کمار کے کچے گھر میں جمعرات کی دیر شام اچانک آگ کی واردات رونما ہوئی۔
علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی کوئی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں والوں نے بالٹیوں اور دیگر برتنوں سے پانی ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ واقعے کے دوران مذکورہ افراد کی تین گائیں اور چار بھینسیں زندہ جل گئیں جب کہ آگ لگنے سے گھر کا دیگر سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
چنینی سے فائر ٹینڈر کی گاڑیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں تقریباً دو گھنٹے لگے لیکن تب تک سات مویشی جل کر ہلاک ہو چکے تھے اور مویشیوں کے شیڈ سمیت پورا گھر تباہ ہو چکا تھا۔ مقامی سرپنچ، پنچ و دیگر لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے لاٹھی میں فائر اسٹیشن قائم کرنے کی مانگ کی ہے جس کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران علاقے میں لگ بھگ سات آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے اور لاٹھی دوڈو سب ڈویژن میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچاہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
