علی گڑھ، 16 اکتوبر(ہ س)۔
عالمی یوم دماغی صحت پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سوشل ورک شعبہ نے سوچ این جی او اور کڈس آئی لینڈ سینئر سکنڈری اسکول، جمال پور کے اشتراک سے ایک بیداری و معلوماتی پروگرام کا اہتمام کیا، جس میں زندگی کے تناؤ، ڈپریشن اور دماغی عوارض پر قابو پانے کے بارے میں بتایا گیا۔ پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ طلباء میں دماغی تناؤ کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی اور تعلیمی دباؤ، تنہائی، مالی تفکرات وغیرہ سے نمٹنے کے لیے علاج تجویز کیے گئے۔ طلباء پر زور دیا گیا کہ وہ خود کو دماغی طور پر تندرست رکھنے کے لیے مختلف طریقے اپنائیں، جیسے کہ اسکرین ٹائم کو محدود کریں، مراقبہ اور ورزش کریں، اپنی بہت زیادہ تنقید سے گریز کریں، مددگار گروپوں میں شامل ہوں، اپنی دیکھ بھال پر توجہ دیں اور فنکارانہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔”میں دلچسپ ہوں“ اور ”ایک لفظ اپنے بارے میں“ کے عنوان سے ایک سرگرمی کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے اپنی دلچسپیوں کے بارے میں لکھا اور اپنے بارے میں اظہار خیال کیا۔ طلباء سے ان کی مثبت باتوں پر روشنی ڈالنے کو بھی کہا گیا۔
پروگرام کی صدارت پروفیسر نسیم احمد خاں، چیئرپرسن، شعبہ سوشل ورک نے کی۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہر، ڈاکٹر قرۃ العین علی، ڈاکٹر محمد عارف خان اور ڈاکٹر شائنا سیف وغیرہ موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
