درگا پوجا فیسٹیول پر بارش کا خدشہ نہیں، معمول کے مطابق رہے گا موسم
کولکاتا، 17 اکتوبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کی ثقافتی شناخت بن چکی درگا پوجا فیسٹیول پر اس مرتبہ بارش کا خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 26.1 ڈگری سیلسیس ہے جو کہ معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سیلسیس ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش نہیں ہوئی اور آج بھی بارش کا امکان نہیں ہے۔ آسمان قدرے ابر آلود ہے لیکن اگلے ہفتے تک بارش نہیں ہوگی۔ کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پرولیا، بانکوڑا میں بھی ایسا ہی موسم رہنے والا ہے۔ اسی طرح شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی موسم معمول پر رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اس پورے ہفتے موسم ایسا ہی رہے گا جس کا صاف مطلب ہے کہ اس بار درگا پوجا کے جوش وخروش میں خلل پڑنے کا امکان نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عظیم الشان درگا پوجا پنڈال اور مورتیوں کو دیکھنے کے لیے پورے ملک اور دنیا سے لاکھوں لوگ مغربی بنگال آتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
