جموں میں چارجنگ اسٹیشن سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کی سست پیشرفت، الیکٹرک بسوں کے آغاز میں تاخیر کا سبب
جموں، 6 نومبر (ہ س)۔ جموں میں ٹاٹا موٹرز کے چارجنگ اسٹیشن سمیت بنیادی ڈھانچے کے قیام میں سست پیش رفت کی وجہ سے الیکٹرک بسوں کے آغاز میں تاخیرہو رہی ہے۔ ٹاٹا موٹرز کے مطابق سرینگر اور جموں میں چارجنگ انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے اور اب خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح ہو کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جموں و کشمیر انتظامیہ نے ٹاٹا موٹرز کے ساتھ یوٹی دونوں شہروں کے لیے جدید ترین سہولیات سے لیس دو سو الیکٹرک بسوں کی خریداری کا آرڈر دیا ہے، جس میں ریئل ٹائم ٹریکنگ سسٹم بھی شامل ہے۔ جموں اور سری نگر میں ہر ایک میں 100 ماحول دوست بسیں متعارف کرانے کے اقدام کا مقصد فضائی اور صوتی آلودگی اور فوسل فیول پر انحصار کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
الیکٹرک بسیں ریئل ٹائم پیسنجر انفارمیشن سسٹم، پینک بٹن، لوکیشن سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے، اسٹاپ ریکویسٹ سسٹم، آن لائن ٹکٹ بکنگ، کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں اور سیکیورٹی سے متعلق کئی خصوصیات سے بھی لیس ہوں گی۔ ٹاٹا موٹرز اور جموں اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق آٹوموبائل کمپنی کو اکتوبر کے آخر تک جموں اور سری نگر میں چارجنگ اسٹیشن، بس ڈپو، اور ہر ایک میں 100 الیکٹرک بسیں فراہم کرنی ہیں۔ 75 ای بسوں کے بیڑے نے یکم نومبر کو سرینگر میں کل 20 کے مقابلے میں صرف سات چارجنگ اسٹیشنوں کے ساتھ کام شروع کیا۔ ٹاٹا موٹرز مقررہ مدت میں جموں کے بھگوتی نگر میں چارجنگ اسٹیشنوں کے علاوہ ایک بس ڈپو قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مندروں کے شہر میں الیکٹرک بسوں کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چارجنگ اسٹیشنوں کی ناکافی تعداد بھی سری نگر میں حال ہی میں شروع کی گئی ای-بسوں کے ہموار کام میں رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ ٹاٹا موٹرز کے ترجمان نے کہا کہ سرینگر اور جموں میں چارجنگ انفراسٹرکچر کو مسلسل تیار کیا جا رہا ہے اور اب کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس کے مطابق یکم نومبر سے سری نگر میں ای بس آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوا اور اگلے چند دنوں میں جموں میں شروع ہو جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، ابھی تک الیکٹرک بسوں کی مکمل ترسیل موصول نہیں ہوئی ہے حالانکہ دونوں شہروں میں کافی تعداد میں الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں۔ تاہم بنیادی ڈھانچہ جموں میں بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں میں اب تک بس ڈپو کا تقریباً 20 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جب کہ کٹھوعہ، ادھم پور اور کٹرا میں چارجنگ اسٹیشنوں پر کام جاری ہے۔ معاہدے کے مطابق ٹاٹا موٹرز سو الیکٹرک بسوں کی سپلائی، آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے ذمہ دار ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
