جموں، 22 جون (ہ س)۔
انسدادِ رشوت ستانی بیورو نے جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں رشوت ستانی کے ایک معاملے میں فرار ہونے والے پولیس اہلکار کو ہفتہ بھر کی مسلسل کوششوں کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔اے سی بی کے ترجمان کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل روشن دین، کٹھوعہ پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا،وہ 21 جون کو ایک فیکٹری ملازم سے 15 ہزار روپے کی رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، تاہم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔
فیکٹری ملازم نے اپنی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ مذکورہ پولیس اہلکار نے ایک کیس میں اُس کا نام ملزمان کی فہرست سے خارج کرنے کے بدلے رقم طلب کی، باوجود اس کے کہ اس نے پہلے ہی اپنی بےگناہی ثابت کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور حاضری کا ریکارڈ فراہم کر دیا تھا۔
اے سی بی کے مطابق، اہلکار نے جب اے سی بی کی موجودگی کا احساس کیا تو رشوت کی رقم وصول کرنے کے فوراً بعد جموں-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ کے قریب پالی کے مقام پر جھاڑیوں میں رقم پھینک کر فرار ہو گیا۔بعد ازاں، اے سی بی ٹیم نے رشوت کی نشاندہی شدہ رقم جھاڑیوں سے برآمد کر کے ضبط کر لی۔ مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
